نان اسٹیٹ ایکٹرزممالک کوجنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں ،صدر

اسلام آباد : فرانس کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل جین لوئس جارج لین نے صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر زرداری سے فرانسیسی جنرل کی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات اور خطے کی صورتحال زیر غور آئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز مختلف ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں ۔ بین الاقوامی برادری کو ایسے عناصر کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کیلئے متحدہ ہونا ہوگا ۔

صدر مملکت نے یہ بات فرانس کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل جین لوئس جارج لین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی ۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردی کا موجودہ عفریت بین الاقوامی برادری نے ہی ماضی میں ایک دوسرے کے نظریات کے خلاف جنگ کے دوران پیدا کیا ہے اور اب بین الاقوامی برادری کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کی جنگ میں پاکستان کی بھر پور مدد کرے ۔

جنرل جین لوئس نے صدر سے گفتگو کے دوران سوات اور وزیرستان آپریشن میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر صدر نے جنرل لوئس کو نشان امتیاز (ملٹری ) بھی عطا کیا ۔ ملاقات اور نشان امتیاز دینے کی تقریب میں وزیر دفاع احمد مختار ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید ، سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر ، سیکرٹری جنرل ایوان صدر سلمان فاروقی اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ پاکستان میں فرانس کے سفیر نے بھی شرکت کی ۔

0 comments:

Post a Comment