بھارتی شہری کو پاکستانی پا سپورٹ جاری کرنے کا الزام  نیب نے سپریم کورٹ کے حکم پردفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کو گرفتار کرلیا:

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2009ء) قومی احتساب بیورو نے سپریم کورٹ کے حکم پر ایک بھارتی شہری کو پاکستانی پا سپورٹ جاری کرنے کے الزام میں وزارت خارجہ میں تعینات ایک اعلی افسر کو جمعہ کے روز گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ہونے والے غلام رسول بلوچ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ افسر جب امریکہ کے شہر ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل تھے تو انہوں نے ایک بھارتی شہری عزیز موسی کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کردیا تھا۔قومی احتساب بیورو نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کیں اوراس ضمن میں اْن کیاسسٹنٹ محمد نعیم کوگرفتار کرلیا جو گذشتہ کئی ماہ سے نیب کی تحویل میں ہے۔جمعرات کو سپریم کورٹ میں اس مقدمے کی سماعت کے دوران مذکورہ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کواس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ ایک چھوٹے رینک کا اہلکار ہے جبکہ جس افسرکے حکم پر یہ پاپسورٹ جاری کیا گیا اْس کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔نیب کے پراسکیوٹر جنرل ڈاکٹر دانشور ملک کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے غلام رسول بلوچ کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے گئے ہیں اور اْنہیں جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔مزکورہ اہلکار اس وقت پولی کلینک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں زیر علاج ہیں تاہم اْن کے کمرے کے باہر پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔وزارت خارجہ میں بھی بھارتی شہری کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنیکے حوالے سے تحقیقات کی گئیں تھیں تاہم اس ضمن میں دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ دستیاب نہیں تھے

0 comments:

Post a Comment