تندولکر اور ڈراوڈ کی واپسی

بھارت نے سری لنکا میں ہونے والی سہ رخی سیریز اور پھر چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے اور اس ٹیم میں بلے باز راہول ڈراوڈ کا نام بھی شامل ہے۔ راہول ڈراوڈ دو برس بعد بھارت کی ایک روزہ میچوں کے لیے ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

مشہور بلے باز سچن تندولکر بھی کافی دنوں سے ایک روزہ میچ نہیں کھیل رہے تھے اور ان کی بھی چھ ماہ بعد واپسی ہوگی۔

راہول ڈراوڈ نے اکتوبر دو ہزار سات میں اپنا آخری ایک روزہ میچ ناگ پور میں آسٹریلیا کے ساتھ کھیلا تھا جس میں انہوں نے صرف سات رن بنائے تھے۔ اس کے بعد سے انہیں کسی بھی ایک روزہ میچ میں جگہ نہیں ملی تھی۔

آئی پی ایل کے میچوں میں ڈراوڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اطلاعات کے مطابق ان کی پرفارمنس کو دیکھ کر ہی انہیں ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

چنئی میں ٹیم کے سلیکٹر شری کانت کی صدارت میں جو میٹنگ ہوئی اس میں کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی شامل ہوئے۔ فٹ نہ ہونے کے سبب وریندر سہواگ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ان کی غیر موجودگی میں نائب کپتانی کی ذمہ داریاں یواراج سنگھ سنبھالیں گے۔

پندرہ رکنی ٹیم میں دنیش کارتک، سریش رائنا اور ابھیشیک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ظہیر خان کی غیر موجودگی میں آشیش نہرا اور ان کے ساتھ آر پی سنگھ اور ایشانت شرما تیز گیند بازی کی کمان سنبھالیں گے۔

ان دونوں سیریز کے لیے بھارتی ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی کپتان، یوراج سنگھ، سچن تندولکر، راہول ڈراوڈ، گوتم گمبھیر، سریش رائنا، یوسف پٹھان، ہربھجن سنگھ، آشیش نہرا، آر پی سنگھ، ایشانت شرما، دنیش کارتک، پروین کمار، امت مشرا اور ابھیشیک نائر کو شامل کیا گیا ہے۔

0 comments:

Post a Comment