skip to main |
skip to sidebar
گوادر: گوادر میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کراچی میں حالیہ بم دھماکوں کے بعد تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے فوری طور پر ایک ارب روپے کی امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم گیلانی کی صدارت میں پہلی بار بلوچستان کے علاقے گوادر میں ایک بحری جہاز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ میں خصوصی طور پر بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور گوادر پورٹ کو مزید ترقی دینے کیلئے مشاورت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کو گوادر پورٹ اتھارٹی کا چیئرمین کو مقرر کرنے اور نواب اکبر بگٹی کے قتل کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس مین آغاز حقوق بلوچستان پر عمل درآمد کیلئے کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیاگیا، اس کے علاوہ ملک میں سیکورٹی اداروں کی جانب سے دی گئی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ اجلاس میں قومی مالیاتی کمیشن پر اتفاق رائے پر عوام کو مبارکباد دی گئی اور موجودہ حکومت کی جانب سے ا یک اہم کارنامہ قرار دیا گیا
لاہور: لاہور پولیس نے مون مارکیٹ کے دھماکے کے ماسٹر مائنڈ سمیت شہر میں موجود طالبان نیٹ ورک کے آٹھ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی سی پی او لاہور پرویز راٹھور کے مطابق مون مارکیٹ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ خلیل نامی شخص کو مناواں کے علاقہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات میں مون مارکیٹ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ خلیل کے آٹھ نام بدل کر لاہور میں گذشتہ ڈیڑھ سال سے رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں بابو سابو انٹر چینج ،ون فائیو اور دیگر حملوں میں گرفتار دو دہشت گردوں کی نشاندہی پر آٹھ مزید دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے
کراچی : صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ سانحہ عاشورہ کا غم محسوس کرسکتے ہیں، شہید بینظیر بھٹو نے بھی ایسے ہی ایک حملے میں جان دی۔
صدر مملکت اچانک بغیر کسی پروٹوکول کے زخمیوں کی عیادت کیلئے نجی اسپتال پہنچے ۔ صدر نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور آدھے گھنٹے سے زائد وہاں موجود رہے۔صدر زرداری نے تمام زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اورانکے علاج و معالجے کی سہولتوں کے علاوہ معاشی حالات کے بارے میں بھی تفصیلات معلوم کیں اور حکومت کی طرف سے ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ عوام کو مارنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام کی طاقت کے ذریعے دہشت گردوں سے نمٹا جائیگا۔
گوادر: ساتویں ایف ایف سی ایوارڈ پرگوادر میں ایک پروقار تقریب میں دستخط کردئے گئے ہیں۔ مسودے پر وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سمیت چاروں صوبائی وزرائے خزانہ نے دست خط کئے۔
تقریب میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف ،وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ،سرحد اور بلوچستان کے وزراء اعلی امیر حیدر خان ہوتی اور نواب محمد اسلم رئیسانی کے علاوہ وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے بعد وزیر اعظم اور چاروں وزرائے اعظم نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو چھپن اور وفاق کو چوالیس فی صد حصہ ملے گا۔ ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کو چوبیس اعشاریہ پچپن، سرحد کو چودہ اعشاریہ باسٹھ، بلوچستان کو نو اعشاریہ صفر نو اور پنجاب کو اکاون اعشاریہ چوہتر فی صد حصہ ملا ہے۔