Showing posts with label Urdu. Show all posts
Showing posts with label Urdu. Show all posts

بھارتی شہری کو پاکستانی پا سپورٹ جاری کرنے کا الزام  نیب نے سپریم کورٹ کے حکم پردفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کو گرفتار کرلیا:

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2009ء) قومی احتساب بیورو نے سپریم کورٹ کے حکم پر ایک بھارتی شہری کو پاکستانی پا سپورٹ جاری کرنے کے الزام میں وزارت خارجہ میں تعینات ایک اعلی افسر کو جمعہ کے روز گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ہونے والے غلام رسول بلوچ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ افسر جب امریکہ کے شہر ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل تھے تو انہوں نے ایک بھارتی شہری عزیز موسی کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کردیا تھا۔قومی احتساب بیورو نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کیں اوراس ضمن میں اْن کیاسسٹنٹ محمد نعیم کوگرفتار کرلیا جو گذشتہ کئی ماہ سے نیب کی تحویل میں ہے۔جمعرات کو سپریم کورٹ میں اس مقدمے کی سماعت کے دوران مذکورہ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کواس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ ایک چھوٹے رینک کا اہلکار ہے جبکہ جس افسرکے حکم پر یہ پاپسورٹ جاری کیا گیا اْس کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔نیب کے پراسکیوٹر جنرل ڈاکٹر دانشور ملک کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے غلام رسول بلوچ کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے گئے ہیں اور اْنہیں جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔مزکورہ اہلکار اس وقت پولی کلینک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں زیر علاج ہیں تاہم اْن کے کمرے کے باہر پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔وزارت خارجہ میں بھی بھارتی شہری کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنیکے حوالے سے تحقیقات کی گئیں تھیں تاہم اس ضمن میں دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ دستیاب نہیں تھے

قوم وطن کے دفاع کیلئے متحدہے ،امریکی صدر باراک اوباما:

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2009ء)امریکی صدر براک اوباما نے گیارہ ستمبر کے حملوں کی آٹھویں برسی کے موقع پر خطاب میں کہا ہے کہ امریکی قوم وطن کے دفاع کے لئے متحد ہے القاعدہ اور اس کے اتحادیوں کے تعاقب کا عزم کبھی کمزور نہیں ہوگا ۔امریکی صدر براک اوباما نے پینٹاگون میں نائین الیون کی آٹھویں برسی کے موقع پر خطاب میں کہا کہ بہت سے برس گزر جانے کے بعد اس دن کا دکھ کم نہیں ہوا۔امریکی صدر نے کہا کہ یہ وہ دن تھا جب ٹوئن ٹاور راکھ اور ملبے کا ڈھیر بن گئے ۔ امریکی صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں میں مارے جانے والے تمام افراد بے گناہ تھے انہوں نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا تھا۔امریکی صدر نے کہا کہ القاعدہ اور اس کے اتحادیوں کے تعاقب کا عزم کبھی کمزور نہیں ہوگا۔اس سے پہلے امریکی صدر اور خاتون اول مشل اوباما نے وائٹ ہاوٴس میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ بعد میں امریکی صدر نے پینٹاگون مین ہلاک ہونے والوں کی یاد گار پر پھول چڑھائے اور ہلاک شدگان نے اہل خانہ سے ملاقاتیں کی۔ ایک تقریب نیویارک میں گراوٴنڈ زیرو پر ہوئی۔آٹھ برس قبل اسی روز ہائی جیک کئے ہوئے دو طیاروں کو ورلڈ ٹریڈ ٹاورز سے ٹکرا دیا گیا تھا۔دہشت گردی کے اس واقعے میں دو ہزار سات سو باون افراد ہلاک ہوئے تھے ۔

مغرب اور عالم اسلام میں بہتر تعلقات کی ضرورت ہے ، شوکت عزیز:

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2009ء)سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد اسلام سے متعلق منفی تاثر پھیلانے کی کوشش کی گئی جس کے باعث مغرب اور اسلامی دنیا ممالک میں تناؤ کی صورتحال پیدا ہوئی، جسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔نجی ٹی وی سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے عوام کے بنیادی مسائل حل کئے بغیر حالات میں بہتری نہیں آئے گی۔ شوکت عزیز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی ضرورت ہے ، نائن الیون کے بعد دنیا ہل کر رہ گئی تھی، لیکن وقت کے ساتھ اقوام عالم میں ایک دوسرے کیلئے اعتماد بڑھ رہاہے ۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کی صورتحال پہلے سے بہتر ہوگئی ہے ۔

بلوچ عوام کا احساس محرومی دور کرنے کے عزم پر کاربند ہیں، صدر زرداری:

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2009ء) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت بلوچ عوام کا احساس محرومی دور کرنے کے عزم پر کاربند ہے ۔ بلوچستان کو ترقی دے کر دیگر صوبوں کے برابر لایا جائے گا۔ ایوان صدر میں سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی کی قیادت میں وفد سے بات چیت میں صدر مملکت نے کہا کہ صوبے کے سیاسی ، معاشی ،انتظامی امور اور امن وامان کی صورتحال کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے ۔وفد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جان محمد جمالی ، میر چنگیز خان جمالی ، میر خان محمد جمالی اور دیگر قبائلی عمائدین شامل تھے ۔

نائن الیون کے بعد پالیسی تبدیل نہ کرتے تو پاکستان کو وجود خطرے میں پڑ جاتا،سابق صدر پرویز مشرف:

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2009ء) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد پالیسی تبدیل نہ کرتے تو پاکستان کا وجود خطرے میں پڑجاتا، ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں، کوئی پاکستانی جوہری اثاثوں پر سمجھوتے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کا ساتھ دینا درست فیصلہ تھا، جس کے باعث معاشی اور دیگر فوائد حاصل ہوئے ۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ القاعدہ نے کیا، اس کے بعد سے القاعدہ اور طالبان سے نمٹ رہے ہیں۔سابق صدر مشرف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار داد کی اہمیت کو بھارت سے تحریری طور پر تسلیم کرایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کی وجہ سے پاکستانی نوجوانوں میں بھارت کیخلاف نفرت ہے ، اور اسی وجہ سے جیش محمد جیسی تنظیم وجود میں آئی۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال ہو رہا ہے ، جس کے ثبوت افغان صدر حامد کرزئی کو فراہم کردیئے تھے ۔